|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز نے سر چ آپریشن کے دوران پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔جبکہ دو کیمپوں ، تین گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا۔ بالیچہ میں اسکول پر دستی بم حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آبسر میں سڑ ک کنارے نصب بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے ہیڈ کوارٹر تربت سے ساٹھ کلو میٹر دور تمپ گومازی کے قریب ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو کیپوں کو تباہ ، تین گاریوں اور ایک موٹر سائیکل کو تباہ کردی گئی۔ کارروائی میں ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد لی گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران چار مبینہ شرپسندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک مشتبہ شخص کو بھی تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا گیا۔ دریں اثناء ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں بالیچہ کے مقام پر واقع گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا جو اسکول کے میدان میں گر کر دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز کے مطابق مذکورہ اسکول کی عمارت میں اکتیس دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ تربت ہی کے علاقے آبسر میں پولیس نے سڑک کنارے نصب بم کو برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم ریموٹ کنٹرول اور پانچ کلو وزنی تھا۔