کوئٹہ: وزیراعظم میاں نواز شریف آج ژوب کا مختصر دورہ کریں گے جہاں وہ پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ کے معاملہ پر خیبر پختون خوا اور بلوچستان کو شدید تحفظات تھے۔ وزیراعظم ہاوس میں ہونے والے آل پارٹیز کانفرنس کے نتیجہ میں یہ معاملات پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کے فیصلہ سے طے پائے۔ دیگر لوازمات پورے ہونے کے بعد اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام کا آغاز آج بدھ کو ہورہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغل کوٹ کیرج وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق مغل کوٹ کیرج وے اقتصادری راہداری کا حصہ ہے۔چار رویہ سڑک کی تعمیر کی نگرانی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کرے گی۔ وزیراعظم کے ہمراہ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ، وفاقی وزیر سفیران عبدالقادر بلوچ ،وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال یوسف ،ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود اچکزئی،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخارحسین، نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر حاصل بزنجوبھی ژوب جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، چیف سیکریٹری بلوچستان، صوبائی سیکریٹری داخلہ، آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس، صوبائی سیکریٹریز، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، سول و فوجی حکام بھی موجود ہوں گے۔ وزیراعظم کی آمد کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ژوب اور اس کے اطراف میں فرنٹیئر کور، پولیس ، انٹی ٹیررسٹ فورس، بلوچستان کانسٹیبلری اور لیویز فورس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ سادہ کپڑوں میں بھی اہلکاروں کو تعینات کرکے چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔