کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ اور گوادر میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ایف سی کے قافلے کے قریب بم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ سڑک کنارے نصب ایک اوربم ناکارہ بنادیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تربت میں سری کہن کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جمشیر ولد ولد عبدالمجید سکنہ پیری کہن تربت کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کی وجہ گھریلو تنازعہ بتایا جاتا ہے۔ تربت ہی کے علاقے آبسر میں پولیس کو ایک شخص کی لاش ملی جسے سات گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت آبسر کے رہائشی عمران ولد نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تربت میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ اسی طرح تربت سے ساٹھ کلو میٹر دور دشت کے علاقے زریں بگ میں نامعلوم دہشتگردوں نے فرنٹیئر کور بلوچستان کے قافلے کے قریب بم دھماکا کیا تاہم کوئی جانی قصان نہیں ہوا۔ ایف سی اہلکار گاڑیوں میں جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے تحت گشت کررہے تھے۔اس کے علاوہ تمپ کے علاقے بالیچہ میں ایف سی کا قافلہ پولنگ عملے کو پہنچاکر واپس آرہا تھا راستے میں ایف سی کی انٹیلی جنس ٹیم کی اطلاع پر سڑک کنارے نصب پانچ کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا گیا۔ اسی طرح گوادر کے علاقے اورماڑہ کے قریب بسؤل ندی پر ڈیم کی تعمیر پر کام کرنے والے مزدوروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی ۔ مزدور تعمیری کام کیلئے سروے کررہے تھے کہ پہاڑی سے مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں یو ایل پی کمپنی کا اہلکارشعیب ولد شبیر سکنہ کراچی جاں بحق جبکہ غلام محمد زخمی ہوگیا۔