کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع گوادر میں بم حملے میں دو سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکا ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سیکورٹی حکام کے مطابق کوسٹ گارڈ کا قافلہ چیک پوسٹوں کیلئے پانی لے کر جارہا تھا ۔ گوادر کی تحصیل جیوانی سے تقریباً 20کلو میٹر دور کُنٹانی کے قریب نامعلوم افراد نے قافلے میں شامل سنگل کیبن گاڑی کو بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار دو اہلکار حوالدار امیر عبداللہ اور نائیک کشور حسین جاں بحق ہوگئے جبکہ تین اہلکار لانس نائیک عالم، سپاہی طارق اور سپاہی سہیل شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد کوسٹ گارڈ، ایف سی اور لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ زخمیوں کو بعد ازاں خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔دریں اثنا ء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا جیوانی بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات جاری کردیں۔ نواب ثناء زہری نے واقعہ میں اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ،انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کے علاج و معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ ادھر ضلع کوہلو کے علاقے بالا ڈھاکا میں بارودی سرنگ پر گاڑی چڑھنے سے دھماکا ہوگیا۔ دھماکے سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اس میں سوار اسماعیل ولد بنگل گزینی مری محفوظ رہا۔