کوئٹہ: کوئٹہ میں تین روز قبل دو پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے حاصل کرلی۔ تین حملہ آوروں نے مسلسل پندرہ منٹ تک ریکی کے بعد مسجد کے باہر تعینات اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں آٹھ جنوری کو ملتانی محلہ میں مسجد کے باہر دو پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین حملہ آور واردات سے پندرہ منٹ قبل ایک بجکر پینتیس منٹ پر موقع پر پہنچے۔ ایک حملہ آور موٹر سائیکل پر جبکہ دو پیدل تھے۔ حملہ آور شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی توجہ ہٹانے کیلئے کبھی ریڑھی والے سے پھل خریدتے تو کبھی پھل نیچے گرا کر واپس تھیلے میں ڈالتے۔ موقع ملتے ہی موٹر سائیکل سوار ایک دہشتگرد نے نمبر پلیٹ کو کپڑے سے چھپایا۔ تینوں دہشتگردوں نے شناخت چھپانے کیلئے چہرے ہیلمٹ اور مفلر سے چھپا رکھے تھے۔ واردات سے چند سیکنڈ پہلے دو حملہ پیدل مسجد کے باہر نمازیوں کے روپ میں کھڑے ہوئے اور موقع ملتے ہی ڈیوٹی پر مامور حوالدار مشتاق اور سپاہی واجد کو پیچھے سے سروں پر گولیاں مار کر ابدی نیند سلادیا۔ حملہ آوروں نے فرار ہوتے وقت پولیس اہلکار کا اسلحہ بھی اٹھایا لیکن ساتھ لے جانے کی بجائے پھینک دیا۔ تینوں حملہ آور ایک ہی موٹر سائیکل پر پٹیل باغ کی طرف فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے ساتھ ہی بھگدڑ مچ گئی اور لوگ خوف کی وجہ سے بھاگنے لگے۔ پولیس واردات کی جگہ پر آٹھ منٹ تاخیر سے پہنچی اور اتنی ہی تاخیر کے بعد حملہ آوروں کے تعاقب کیلئے روانہ ہوئی۔