کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ گیس پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گردونواح میں پیر کی صبح سے ہی موسم ابر آلود تھا ۔دوپہر سے بارش کا سلسلہ شروع ہوجو رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔ رات کو ہلکی ہلکی برف بھی پڑی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کوئٹہ کے علاوہ پشین زیارت، خانوزئی ، چمن ، قلعہ عبداللہ ، مستونگ، قلات اور نوشکی میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ سب سے زیادہ سردی قلات میں پڑی جہاں درجہ ھرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوئٹہ میں چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ْسردی کے باعث شہریوں نے گرم کپڑوں اور گرم مشروبات کا استعمال شروع کردیا ۔ بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگئی جبکہ گیس پریشر میں کمی نے شہریوں کو دوہرے عذاب میں مبتلا کردیا۔ کوئٹہ، مستونگ، قلات ، پشین اورزیارت کے بیشتر علاقوں میں گیس غائب رہنے سے شہری ایندھن کے متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ ، پشین، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، لورالائی، ہرنائی، مستونگ ، قلات اور دیگر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔