|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2016

کوئٹہ: پاکستان سے ملحقہ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں ایرانی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ ایران کی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حادثہ سیستان و بلوچستان کے دار الحکومت زہدان سے 700کلو میٹر دور جنوب میں چاہ بہار سے ملحقہ ساحلی شہر کنروک سے65کلو میٹر دور پیش آیا ۔سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی اصغر میر شکاری نے ایران کے سرکاری میڈیا کو بتایا ہے کہ جنگی طیارہ F-4 Phantomتربیتی پرواز پر تھا۔ منگل کی دوپہر اڑان بھرنے کے بیس منٹ بعد ہی طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی اور وہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ دونوں ہی ہلاک ہوگئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بھی اسی ساخت کا ایک طیارہ شیراز شہر کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا۔ F-4 Phantomطیارہ ایران نے 1979میں اسلامی انقلاب سے قبل امریکہ سے خریدے تھے۔