|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2016

کوئٹہ : لیویز رسالدار محمد اکرام پولیو مہم کے دوران اپنی فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے۔ گورنمنٹ ملازم ہونے کے ساتھ ساتھ قبائلی اثر رکھنے کی وجہ سے پورا یونین کونسل پولیو سے پاک علاقہ ہونے کا عملی نمونہ ہے۔ دو بار حسن کارکردگی ایوارڈ جیتنے والے اکرام علماء کرام سے بہتر تعلقات کی وجہ سے پولیو رفیوزل کیسز کوختم کرکے علاقے میں 100فیصد پولیو مہم کامیاب کرانے میں پنا کردار ہر مہم کے دوران نبھانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ روزنامہ آزادی نے اکرام کی مثبت کہانی کو منظر عام پر لانے کے لئے گزشتہ روز دوران کیمپین پولیو مہم یونین کونسل اکبر نوسار کا رخ کیا۔ 35سالہ محمد اکرام بلوچستان لیویز فورس میں بطور رسالدار گزشتہ پانچ سال سے کام کر رہے ہیں وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ پولیو مہم کے دوران اپنا کردار بخوبی نبھاتے نظر آتے ہیں۔ پورے یونین کونسل میں پولیو کیمپین کو کنٹرول کرنے کے لئے وہ سیکورٹی ذرائع استعمال میں لاتے ہیں اور انہیں پولیو مہم کے دوران متحرک رکھتے ہیں۔ انکے پاس لیویز کی 30نفری موجود ہے جو کہ پولیو مہم کے دوران اپنا کردار ادا کرتے ہیں انکا کہنا ہے کہ پورے علاقے میں 40گھرانے ایسے ہیں جو کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری ہیں لیکن وہ اپنی قبائلی اور لیویز اثر رسوخ کے بناء پر ان گھرانوں تک پولیو مہم کو کامیاب کرانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ اہل محلہ میں علماء کرام سے انکے قریبی تعلقات کی بناء پر مذہبی طورف طریقوں سے پولیو مہم کو کامیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ دو بار حسن کارکردگی ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں ایک مرتبہ سابق ڈپٹی کمشنر شہید منصور کاکڑ جبکہ دوسرا ایوارڈ موجودہ ڈپٹی کمشنر داؤد خلجی سے لے چکے ہیں۔ وہ یہ ایوارڈ پولیو مہم میں اپنا کردار کرنے کی وجہ سے حاصل کر چکے ہیں۔ یونین کونسل پولیو مہم کے دوران 100فیصد نتیجہ دینے کی وجہ سے ایک مثالی یونین کونسل بن چکی ہے اس یونین کونسل کو مثالی یونین کونسل بنانے میں محمد اکرام کا بہت بڑا ہاتھ ہے اگر دیگر لیویز اہلکار محمد اکرام کی طرح اپنا کردار نبھائی تو یقیناًپولیو کے خاتمے میں بڑی حد تک کامیابی ملے گی۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ سیکورٹی ذارئع کا کہنا ہے کہ پورے کوئٹہ میں دوران پولیو مہم بلوچستان کانٹیبلری، پولیس اور لیویز کے 1580اہلکار پولیو ورکرز کی سیکورٹی پر معمور ہو جاتے ہیں۔ اور ہر ٹیم کے ساتھ 2اہلکار تعینات کئے جاتے ہیں جو گھر گھر ان کے ساتھ جاتے ہیں۔ اسکے علاوہ ایف سی، فالکن پولیس، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی پٹرولنگ کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں اور پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔