کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع کیچ میں عسکری تعمیراتی ادارے کے کیمپ اور قافلے پر حملوں میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ چھ سیکورتی اہلکار زخمی ہوگئے۔سیکورٹی حکام کے مطابق ضلع کیچ کے نواحی علاقے ہوشاب میں پاک چین اقتصادی راہداری کی سڑک کی تعمیر کا کام کرنے والی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کیمپ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ حملے میں واٹر ٹینکر کا ڈرائیور کراچی کا رہائشی نبی بخش موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ادھر کیچ ہی کے پنجگور سے ملحقہ علاقے بالگتر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایف ڈبلیو او کے قافلے پر حملہ کردیا۔ ملزمان نے چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں قافلے میں شامل چھ سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہوگئے۔ ایف ڈبلیو او کا قافلہ ہوشاب سے پنجگور جارہا تھا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ زخمی ا ہلکاروں میں چار اہلکار سپاہی مزمل، قیصر، صفدر اور فضل الرحمان کا تعلق فرنٹیئر کور جبکہ سپاہی رؤف اور سپاہی مجیب کا تعلق فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن سے بتایا جاتا ہے ۔ تمام زخمیوں کو علاج کی غرض سے تربت سے خصوصی طیارے کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا