|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2016

کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے پانچ ارکان کو وزیراعلیٰ کے مشیر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔نیشنل پارٹی کے تمام چار وزراء اور ایک مشیر کو وزارتوں اور محکموں کے قلمدان سونپ دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی ایڈوائز پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ کے مشیروں کیلئے پانچ ناموں کی منظوری دیدی ۔ جس کے بعد محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (کابینہ سیکشن )کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مشیروں میں مسلم لیگ ن کے سرداردر محمد ناصراورمحمد خان لہڑی ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رضا محمد بڑیچ، عبیداللہ بابت اور نیشنل پارٹی کے خالد ہمایوں لانگو شامل ہیں ۔نوٹیفکیشن کے مطابق میر خالد ہمایوں کو وزیراعلیٰ کا مشیر برائے خزانہ مقرر کیا گیا جبکہ باقی تمام مشیروں کے قلمدانوں کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ دریں اثناء محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (کابینہ سیکشن )کے ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل پارٹی کے چار صوبائی وزراء کو محکموں کے قلمدان سونپ دیئے گئے۔ نواب محمد خان شاہوانی کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ،میر مجیب الرحمان محمد حسنی کے پاس کھیل و ثقافت، اقلیتی امور ، انسانی حقوق ،آرکائیو ، امور نوجوانان اور سیاحت کے محکموں کے قلمدان سونپا گیا ہے ۔رحمت صالح بلوچ کے پاس محکمہ صحت جبکہ سردار اسلم بزنجو کے پاس زراعت وباہمی امداد کا قلمدان ہوگا۔ یاد رہے کہ یہی محکمے پہلے اڑھائی سالہ دور میں بھی انہی وزرا کے پاس تھے ۔