مستونگ : گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مرکزی کال پر ڈائریکٹر ایجوکیشن کے ناروا رویے اور نااہل کیخلاف جی ٹی اے مستونگ کے زیر اہتمام سراوان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے، ڈائریکٹر کیخلاف شدید نعرہ بازی ڈائریکٹر ایجوکیشن کے فوری تبادلے کا مطالبہ ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جی ٹی اے بی کے صوبائی رہنماء غلام مرتضیٰ محمد شہی، ضلعی جنرل سیکرٹری محمداسماعیل بنگلزئی ، قلات ڈویژن کے صدر سجاداحمد دہوار، حاجی زمان لہڑی ، غلام حسین رئیسانی، سیف ساتکزئی ، اسحاق لہڑی، ریاض علیزئی ، طاہر قمبرانی ودیگر نے کہا کہ جب سے موجودہ ڈائریکٹر ایجوکیشن نے اپنے عہدے کاچار ج سنبھالا ہے دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، ان کا رویہ بھی اساتذہ وجی ٹی اے بی کے قائدین سے درست نہیں، اکثر اپنے دفتر سے غائب رہتے ہیں، جس کی وجہ سے اساتذہ کے ضروری کیسز التواء کا شکار ہیں اور صوبے کے دور دراز اضلاع سے آتے ہوئے اساتذہ اور دیگر سائلین ہفتوں ڈائریکٹریٹ کا چکر لگاکر مایوس لوٹ جاتے ہیں جبکہ موصوف نے اپنے گھر کو سب آفس بنا رکھا ہے اور اکثر فائل اور اساتذہ کے زیر التواء منظور شدہ مطالبات کے حوالے سے بھی بلاجواز رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری چیف سیکرٹری بلوچستان سیکرٹری تعلیم سے مطالبہ کیا کہ موجودہ نااہل ڈائریکٹر ایجوکیشن کا فوری تبادلہ کر کے ایک سینئر اور فرض شناس آفیسر کو اس اہم اور ذمہ دار انتظامی عہدے پر تعینات کیا جائے اور نظام تعلیم کو مزید تباہی سے بچایا جائے