|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں سیکورٹی فورسز نے بم برآمد کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ قلعہ سیف اللہ اور پشین میں سرچ آپریشن کے دوران چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے خانو قلعہ میں ایف سی نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سڑک کنارے نصب بم بمعہ دو ڈیونیٹربرآمد کرلیا۔ سترہ کلو وزنی بم کو ناکارہ بناکر تحویل میں لے لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بم سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔ ادھر قلعہ سیف اللہ کے علاقے نسئی میں سرچ آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو جبکہ پشین کے علاقے کربلا میں کلی اسلام زئی سے ایف سی اور حساس ادارے نے ایک کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شدت پسند کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار چاروں افراد سے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں تفتیش کی جارہی ہے۔