ڈیرہ مراد جمالی: پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت موٹر وے روڈز کی تعمیر کرنے کے بجائے نیشنل ہائی وے روڈز کا وزیراعظم نے افتتاح کرکے بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے سرمایہ دارانہ اور صنعتی سوچ رکھنے والے حکمران طبقے نے عوام اور کسانوں زمینداروں کو پسماندگی کی جانب دھکیل کر اپنے مفادات کے حصول میں مگن ہیں مسلم لیگ (ن) کے تین سالہ دور حکومت میں پنجاب میں میٹرو بسیں اور اورینج ٹرین جیسے منصوبے بنائے جارہے ہیں لیکن بلوچستان میں کوئی میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابقہ صدر ایوب بھٹو کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا وفدمیں سینئر صحافی نصیرآحمد مستوئی ولی محمد زہری، عابد عزیز بلوچ ، عبداللہ رند، محمد اقبال قادری، عبدالواحد جتوئی ،یونس ابڑو، علامہ شبیر احمد نوری، سمیت دیگر شامل تھے میر صادق عمرانی نے کہا کہ گوادر پورٹ کے نام پر اخباری سیاست چمکائی جا رہی ہے اکیسویں صدی اس ٹیکنالوجی کے دور میں بھی گوادر کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ترقی کے بلند بانگ دعوے کرنے والے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں گوادر کی ترقی ہی سے بلوچستان کی معاشی و اقتصادی خوشحالی وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے ہر دور حکومت میں زیادتی نا انصافی اور صوبے کے عوام کا استحصال کیا جاتا رہا ہے پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ ہونے والے زیادتی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی بلوچستان کے عوام صوبے سے نکلنے والے معدنیات قدرتی گیس و وسائل کے اصل مالک ہیں بلوچستان کی عوام کے ساتھ حکومت کا سوتیلی ماں جیسا سلوک قابل مذمت ہے انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ترقی کے نام پر صوبے کے عوام کا استحصال بند کیا جائے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو موٹر وے ترز پر تعمیر کرکے صنعتیں انڈسٹریز کا فروغ بے روزگاری کا خاتمہ کرکے بلوچستان کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے عمل میں براہ راست شریک کیا جائے انہوں نے کہا کہ گوادر میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ ہوا تو پیپلزپارٹی بلوچستان کے عوام کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔