تربت : پنشنرز ایسوسی ایشن ضلع کیچ کے صدرحاجی حاصل خان نے کہاہے کہ ضلع کیچ کے1500سے زائد پنشنرز گزشتہ تین مہینوں سے اپنی ماہانہ پنشن سے محروم ہیں جس سے یہ بزرگ ‘ضعیف ومعذور شہری شدید ذہنی پریشانیوں کے شکارہیں انہیں گولی ودوا تک میسرنہیں ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری پنشنرز کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بیت المال سے ریلیف کی فراہمی اور اے جی آفس کو ان کے پنشن آرڈر فوری جاری کرنے کاحکم دیں ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پنشنرز ایسوسی ایشن کیچ کے جنرل سیکرٹری محمد عالم بلوچ ‘ عبدالرحیم بلوچ ‘ قاضی نوراحمد ‘ محمد اکرم بلوچ ‘ عبدالرشید بلوچ ‘ زاہدعلی ‘محمد عمر شیخ ودیگربھی موجودتھے‘ انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان نے ماہ اکتوبر میں پنشن اداکرنے والے ادارے نیشنل بنک آف پاکستان اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس تربت کو آرڈر جاری کیاکہ ماہ اکتوبر2015 ء کی پنشن اداکرتے وقت پنشنرز سے ان کے بنک اکاؤنٹ ودیگر کوائف پرمشتمل ایک فارم پر کرواکے پنشن بک کے ساتھ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کوئٹہ بھیج دیں کیونکہ حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ آئندہ پنشن کی ادائیگی بذریعہ کمرشل بنک ان کے اکاؤنٹ کے ذریعے ہوگی اس طرح ماہ اکتوبر سے پنشن کی ادائیگی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے بیوہ یتیم بزرگ پنشنرز جن کا کوئی اور ذریعہ آمدن نہیں ہے اور اس پر طرہ یہ کہ جن کے پنشن آئے ہیں ان میں نومبر شامل نہیں ہے ‘ انہوں نے کہاکہ سرکار کافیصلہ تواچھاہے مگر یہ فیصلہ کرتے وقت اپنے دفتری کارکردگی کی گنجائش کونہیں دیکھا گیا جبکہ کوئی اس کی ذمہ داری بھی نہیں لیتے ‘ محکمہ فنانس اے جی آفس پر ڈال دیتاہے جبکہ اے جی آفس والے محکمہ فنانس کوموردالزام ٹھہراتے ہیں اس سلسلے میں فنانس اور اے جی آفس میں کوئی ذمہ دار افسر بھی مقررنہیں کیاگیا ہے جس سے ان پنشن بکس وفائلوں کے گمشدگی کابھی اندیشہ ہے انہوں نے کہاکہ اگر 3ماہ تک کسی بیوہ ضعیف پنشنرکو پنشن نہ ملے تو اس کی حالت کیاہوگی یہ سب جانتے ہیں ‘ یہ معذور ‘ضعیف العمر لوگ گولی دوائی کیلئے بھی پریشان ہیں انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ‘ اے جی بلوچستان اور سیکرٹری فنانس بلوچستان اس سلسلے میں فوری نوٹس لیں اور غریب معذور وبزرگ پنشنروں کی نیک دعائیں لیں۔