|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے چمالانگ میں بارودی سرنگ دھماکے میں دو افراد زخمی ہوگئے، ایک بارودی سرنگ برآمد کرکے ناکارہ بنادی گئی۔ جبکہ خاران میں نامعلوم افراد نے ضلعی چیئرمین کے گھر پر دستی بم سے حملہ کردیاتاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لورالائی اور کوہلو کے درمیانی علاقے چمالانگ میں بہلول کے مقام پر سابق فراری کمانڈر میر ہزار خان مری کے گھر کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بارودی سرنگ نامعلوم ملزمان نے زیر زمین بچھائی تھی ۔ واقعہ کے بعد مقامی انتظامیہ نے سڑک کنارے نصب باروعدی سرنگ برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔ ادھر ضلع خاران میں تھانہ سٹی کی حدود میں مغرب کی جانب گواش روڈ پر واقع ضلعی کونسل کے چیئرمین صغیر احمد بادینی کے گھر پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا جو گھر کے اندر گر کر دھماکے سے پھٹ گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔ واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔