گوادر: وزیراعظم پاکستان کے معائنہ کمیشن کے چیئرمین کرنل (ر)سیف الدین قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گوادر سمیت بلوچستان بھر میں احساس محرومی غربت بیروزگاری اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈپٹی کمیشن کے کانفرنس روم میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی، ادارہ ترقیات گوادر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سجاد بلوچ ڈپٹی کمشنر عبدالحمید ابڑو سمیت صوبائی وضلعی آفیسران نے شرکت کی، اجلاس میں مختلف امور پرتبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ تمام محکموں کے آفیسران نے معائنہ کمیشن کے چیئرمین کو اپنے اپنے محکموں کی زیر نگرانی ترقیاتی منصوبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کو بتایاگیا کہ اس وقت گوادر میں ایک سو ساٹھ ٹینکروں کے ذریعے حکومت بلوچستان کے تعاون سے گوادر سے ستر کلو میٹر دور بیلا ڈیم سے پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ سینٹر بورنگ اور کارراٹ ڈیبلیشن پلانٹ سے بھی پانی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے، اجلاس میں ضلع گوادر میں مستقبل میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 8نئے ڈیموں کی تعمیر پر غور اور شادی کور ڈیم اور سوڈ ڈیم پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت جاری کی گئی کہ ڈیپبلشن پلانٹ کے چھ یونٹ فوری طور پر شروع کر کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے ،وزیراعظم پاکستان کے معائنہ کمیشن کے چیئرمین نے کہا کہ عوام کو تعلیم صحت آبنوشی بجلی کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہماری کوشش ہے کہ عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور انہیں سہولیات فراہم کی جائیں‘ عوام کے مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچاکر اور پانی بحران سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائینگے، انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کی صنعت کو فروغ دینے سے یہاں کی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے بلکہ حکومت کو بھی اربوں روپے کارزمبادلہ حاصل ہوگا، محکمہ فشریز غیر قانونی ٹرالنگ اور مہلک جالوں کے استعمال کرنے والے ماہی گیروں کیخلاف کارروائی کر ے، انہوں نے محکمہ فشریز کو ہدایت کی کہ مچھلی کی برآمدات یقینی بنائی جائے، اس سلسلے میں محکمہ فشریز گوادر پورٹ اتھارٹی اور کسٹم مل کر اقدامات کریں، یہاں کے لوگوں کی معیشت ماہی گیری ہے، ماہی گیری کی صنعت کو ہر حال میں ترقی دی جائیگی، دریں اثناء وزیراعظم پاکستان معائنہ کمیشن کے چیئرمین کوگوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی نے پورٹ جبکہ ادارہ ترقیات گوادر ڈاکٹر سجاد حسین نے جی ڈی اے کے دائرہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ، انہوں نے جی ڈی اے ہسپتال‘ سول ہسپتال گوادر گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جی ڈی اے پبلک اسکول اور گوادر پورٹ کا بھی دورہ کیا