|

وقتِ اشاعت :   January 23 – 2016

خضدار: ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمد درانی نے وائس چیئرمین خضدار عبدالحمید بلوچ و دیگر بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خضدارڈسٹرکٹ حکومت کے اقدامات، عزائم اور منصوبوں اور پیش رفت واہداف سے میڈیا کو آگاہ کردیا ۔تعلیم صحت، شجر کاری ،زیرزمین آبی ذخائر کو طویل مدتی تحفظ کے حوالے سے پیشگی اقدامات شروع کریگی ۔ضلع کے لئے 500پانچ سو چھوٹے اور بڑے ڈیمز وفاقی اور متعلقہ اداروں سے خضدار کے لئے منظور کروائے جائیں گے ۔امسال ضلع میں 5پانچ لاکھ درخت لگائے جائیں گئے اور یہ تعداد 2018تک پچاس 50لاکھ درخت لگانے تک جائیگی ۔ تعلیمی ماحوال پیدا کرنے کے حوالے سے تمام تحصیلوں و ضلع میں داخلہ مہم ریلی نکالی جائیگی اور ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائیگا۔یہ تمام تراہداف کو حاصل کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ ممبر ان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دید گئی ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ممبر میر عبداللطیف عمرانی ،میر عزیز محمد جام زہری ، عبید اللہ قلندرانی ،مسلم لیگ (ن)خضدار کے نائب صدر جاوید سوز،مسلم لیگ (ن)خضدار کے جنرل سیکریٹری سردار عزیز محمد عمرانی ، میر سعیداحمد زرکزئی ،میر ذاکر علی باجوئی، منیراحمد قمبرانی ،عبدالحی زہری ، اور چیف آفیسر لوکل گورنمنٹ خدائے رحیم زہری ، آفیسر منیراحمد مینگل ودیگر نمائندے کثیر تعداد میں موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمد درانی نے پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کونسل خضدار نے اس وقت تک چار اجلاس منعقد کئے ہیں۔تعلیم و صحت ہمارے معاشرے کے لئے بے حد ضروری ہیں ان منصوبوں کے لئے ضلع کونسل اپنا فعال کردار ادا کریگی اس سلسلے میں ہم نے اپنے تمام بلدیاتی نمائندوں ڈاکٹرز اساتذہ کرام کے ساتھ مربوط روایت و گفت و شنید موثر نگرانی کی حوصلہ افزائی غیر حاضر ی کی حوصلہ شکنی بچوں کو زیادہ سے زیادہ علم کے حصول کی طرف راغب کرنے پر ائمری مڈل ہائی وکالج لیول کے اداروں کے سربراہاں سے وقتافوقتاً ملاقات اور دورے کئے جائیں گے تاکہ تعلیمی اداروں طبی ماحول کے قیام کو فروغ دیکر بہتر اقداما ت کئے جاسکیں اس سلسلے میں ضلع کے تمام پانچ تحصیلوں میں داخلہ مہم 2016کو عوام کے ساتھ ملکر چیئرمین وائس چیئرمین و ڈسٹرکٹ کونسل ممبران کی قیادت میں ریلیوں کا انعقاد کرکے مہم کو کامیاب بنایا جائیگا اور خضدار شہر میں ایک سیمینار منعقد کیاجائیگا۔ جس میں ماہرین تعلیم کو مدعو کیا جائیگا۔تاکہ ہم ہر سمت تعلیم کی کرنیں پھیلانے میں کامیاب ہو کر اپنے مستقبل کو زیور تعلیم سے آشکار کریں ۔ضلع میں شجر کاری مہم کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا کر قدرتی ماحول کو بہتر بنانے آلودہ ماحول سے بچانے کے لئے درخت ہمارے لئے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں آج دنیاء کیلئے ماحولیاتی تبدیلی ماحولیاتی تنزلی بڑا چیلنج بن کر ابھر رہی ہے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے تمام ممالک نے اپنے اہداف مقرر کررکھے ہیں اس سلسلے میں دنیاء کے کم و بیش تمام ممالک نے پیرس ماحولیاتی کانفرنس 2015میں اہم فیصلے کرچکے ہیں ۔ ہم بھی دنیاء سے الگ تھلگ نہیں رہ سکتے ہیں آپ جانتے ہے کہ پوا ملک بلوچستان اور ہمارا ضلع ماحولیاتی تبدیلی ماحولیاتی تنزلی کی لپیٹ میں ہیں ۔ باران رحمت نہ ہونے سے انسانی ماحول زراعت مالداری فضائی آلودگی و بائی امراض قحط سالی میں مبتلا ہے ۔ اس لئے ضلع کونسل خضدار نے یہ ضرورت محسو س کی ہے کہ ماحول کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی آلودگی ماحولیاتی تنزلی سے بچنے کے لئے جنگی بنیادوں پر ضلع میں شجر کاری مہم جنگلات کی کٹائی کے خلاف اوردرختوں کی حفاظت کے مہم شروع کرنیکا باقاعدہ فیصلہ کیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں 5لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور 2018تک انشاء اللہ 50لاکھ درخت لگانے تک اس ہدف کو لیکر جائیں گے ۔ پریس کانفرنس میں ایک اور اہم مسئلہ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدا رآغا شکیل احمددرانی نے بتایا کہ آبی ذخائر کے ماہرین کے مطابق زیر زمین پانی کے 3ذخائر ہوتے ہیں ۔جن میں سے دو ختم ہوچکے ہیں ۔تیسراحصہ جو سخت چٹانوں کے نیچے کا پانی ہے جو زمین کا خون سمجھا جاتا ہے اب ہم اس کو ’’ڈِرل‘‘کرکے نکال رہے ہیں یہ پانی لاکھوں سال کا جمع شدہ پانی ہے یہ پانی ہماری آئندہ نسلوں کی پانی ہے جس کو ہم آج بے دردی سے نکال رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ زیر زمین پانی ختم ہوگا جہاں پانی نہیں ہوگا پھروہاں زندگی بھی معدوم ہوجائیگی ۔اس لئے ضلع کونسل خضدار نے اپنے حالیہ اجلاس میں اس سلسلے کو اہم بنیادی قرار دیا ہے ایک قرار داد کے ذریعے صوبائی حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ ضلع خضدار کو کم از کم 500پانچ سو چھوٹے و بڑے ڈیمز وفاقی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے منظور کروانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔تمام معاملات کو ضلع کونسل خضدار اہم بنیادی مسئلہ قرار دیتی ہے ان اہداف کے حصول کے لئے تمام متعلقہ اداروں انتظامیہ ماہرین کے ساتھ موثر رابطہ کاری وانتہائی معاونت مدد درکار ہے ہمیں امید ہے کہ ضلع خضدار کے تمام لوگ ایک صفحے پر ہونگے ۔ اس سلسلے میں ضلع کونسل نے کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی ہے ۔جو ان اہداف کے حصول کے لئے شہریوں ، میڈیا اور عام طبقات کے ساتھ ملکر اقدامات کرینگی۔۔