|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2016

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور جمعیت کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالواسع کی جماعتی رکنیت ایک بار پھر ختم کردی۔ جے یو آئی کے ذرائع کے مطابق قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے مولانا عبدالواسع کی رکنیت کے خاتمے سے متعلق فیصلہ جمعیت علمائے اسلام (ف) ضلع قلعہ سیف اللہ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیاجس کی صدارت جے یو آئی کے ضلعی امیر مولوی سید محمد نے کی۔ مولانا عبدالواسع نے جمعیت علمائے اسلام قلعہ سیف اللہ کی تحلیل شدہ ضلعی کابینہ کا اجلاس 26جنوری کو بلایا تھا۔ جے یو آئی کی ضلعی مجلس عاملہ نے مولانا عبدالواسع کے اس اقدام کو جماعتی نظم و ضبط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت ختم کردی اور قرار دیا ہے کہ مولانا عبدالواسع کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر ضلعی امیر کے عہدے سے گزشتہ سال فارغ کردیا گیا تھا جبکہ ان کی بنیادی رکنیت بھی ختم کردی تھی ۔تاہم مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے ان کی رکنیت اس شرط پر بحال کی تھی کہ وہ نظم و ضبط کی پابندی کریں گے ۔ اب ایک بار پھر انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ وہ جمعیت میں بغاوت کرانے کے مرتکب ہورہے ہیں۔