کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیس نے ایک مکان سے خاتون اور اس کی نومولود بیٹی کی لاشیں برآمد کرلیں۔ ماں بیٹی کو گھر کے صحن میں قبر کھود کر دفنایا گیا تھا۔پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق پولیس تھانہ سٹی مستونگ کے ایس ایچ او سفر خان نے دیگر عملے کے ہمراہ خفیہ اطلاع پرمستونگ کے علاقے شمس آباد میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جس کے دوران گھر سے خاتون جہاں زادی کی دفن شدہ لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے ایک ملزم محمد اسلم ولد محمد قاسم سمالانی اور اس کے ماموں سمیع اللہ ولد نور بخش سمالانی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر گھر سے خاتون کی نومولود بیٹی کی لاش بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیس سالہ ملزم اسلم 14ماہ قبل مقتولہ جہاں زادی کو شادی کا جھانسا دے کر کوئٹہ کے علاقے کلی جیو سے بھگا کر مستونگ لایا تھا ۔چند روز قبل جہاں زادی نے ایک بچی کو جنم دیا۔ جس کے بعد ملزم نے تشدد کرکے جہاں زادی کو قتل کرکے بچی سمیت گھر کے صحن میں دفنا دیا تھا۔ ملزم کی والدہ نے بھی پولیس کو اپنے بیان میں بتایاہے کہ اسلم خاتون پر تشدد کرتا تھا۔ ملزم کی والدہ نے یہ بھی بتایا کہ بچی مردہ پیدا ہوئی تھی ۔ پولیس نے ماں اور بیٹی کی لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیں۔ خاتون کی لاش تازہ معلوم ہوتی ہے اور چہرے پر تشدد کے نشانات بھی واضح دکھائی دیتے ہیں۔ پولیس کے مطابق اب تک معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ملزم نے خاتون سے نکاح کیا تھا یا نکاح کئے بغیر ہی گھر میں رکھا تھا۔