|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آوران میں آپریشن کے دوران شہید پاک فوج کے دو اہلکاروں کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں ۔نماز جنازہ کوئٹہ کینٹ میں ادا کی گئی۔آئی ایس پی آر کوئٹہ کے مطابق پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ ست تعلق رکھنے والے نائب صوبیدار بچل خان اور سپاہی یونس گزشتہ رو زضلع آواران کی تحصیل مشکے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے ۔دونوں شہداء کی نماز جنازہ کوئٹہ کینٹ میں ادا کی گئی جس میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج بزدل اور ملک دشمن دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک لڑتی رہے گی مادرِ وطن کو دہشت گردی کے ناسور سے ہر صورت پاک کیا جائے گا ۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے شہداء کی نماز جنازہ کے موقع پر افسران اور جوانوں کے بلند جذبے کو سراہا۔ نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں بھکر اور ڈیرہ مراد جمالی روانہ کر دی گئیں۔