کراچی: رینجرز نے کراچی میں ماہی گیر رہنما سعید بلوچ کی گرفتاری ظاہر کرکے ان پر دہشت گردی میں معاونت کا الزام عائد کیا ہے جبکہ ان کی گرفتاری کے خلاف ماہی گیروں اور مزدور تنظیموں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔رینجرز کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے محمد سعید بلوچ سمیت دیگر تین ملزمان کو 90 روز کے لیے تحویل میں لیا ہے جس سے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا دعویٰ ہے کہ محمد سعید بلوچ، سلیم دیدگ، مہر بخش بلوچ اور دلمراد بلوچ نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے لیاری امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ اور بابا لاڈلہ کو مالی امداد فراہم کرتے رہے ہیں۔رینجرز کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ مشتبہ ملزمان بلوچستان لبریشن آرمی کو بھی فنڈنگ کرتے ہیں اور ان کی فنڈنگ سے خریدا ہوا اسلحہ کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردی میں استعمال ہوتا ہے۔رینجرز کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل کے بھی مقدمات دائر تھے جو سیاسی بنیاد پر ختم کرائے گئے۔سعید بلوچ پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی جنرل سیکریٹری ہیں، ان کی گرفتاری کے خلاف منگل کو پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔مزدور رہنما کرامت علی کا کہنا تھا کہ سعید بلوچ متعدد عالمی سماجی تنظیموں کے رکن بھی ہیں اور انھیں جس الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اس سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں کیونکہ وہ فشر یز کوآپریٹو سوسائٹی میں لیبر یونین کے رہنما ہیں جبکہ کرپشن افسران کی جانب سے کی جاتی ہے۔پاکستان فشر فوک فورم کی وائس چیئرمین فاطمہ مجید کا کہنا تھا کہ سعید بلوچ ماہی گیروں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے پاکستان سمیت عالمی سماجی تنظیموں کے پلیٹ فارم سے آواز اٹھاتے رہے ہیں اور انھیں کسی غلط فہمی کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔سعید بلوچ کی گرفتاری کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ایک آن لائن درخواست بھی بنائی گئی ہے جس میں نواز شریف سے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم ساؤتھ ایشیاء فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ سعید بلوچ کی گرفتاری کا مقصد انسانی حقوق کے کارکنوں کی سرگرمیوں کو روکنا ہوسکتا ہے۔’یہ امر انتہائی قابل تشویش ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے بنایا گیا قانون اب انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔‘تنظیم نے انسانی حقوق کے اداروں، اراکینِ پارلیمان اور وکلاء کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ سعید بلوچ کی با حفاظت رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔