کوئٹہ : کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مقامی مدرسے کے معلم کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر چکی شاہوانی کے قریب اس وقت پیش آیا جب چالیس سالہ قاری حافظ محمد وسیم ولد غلام مصطفی مدرسے جارہے تھے ۔ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر انہیں قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ لاش کو سول اسپتال کوئٹہ لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق قاری حافظ محمد وسیم کو سر اور سینے پر پانچ گولیاں ماری گئیں ۔ مقتول کا تعلق پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ اور بریلوی مکتبہ فکر سے تھا۔ وہ مدرسہ گلزار مدینہ میں معلم تھے ۔ قاری حافظ محمد وسیم معذور بھی تھے اور وقوعہ کے وقت بچوں کی مدد سے ویل چیئر پر مدرسے جارہے تھے ۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم ٹارگٹ کلنگ ، فرقہ وارانہ دہشتگردی سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے۔