خاران : جس معاشرے میں انصاف معدوم ہو کسی کے کہنے یا دست درازی پر قانونی تقاضے اور انصاف کی فراہمی میں کوتاہی ہو تو وہ معاشرہ جہنم بن جائیگا ، ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس بلوچستا ن محمد نور مسکانزئی نے خاران میں نئے کورٹ کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیف انجینئر بی اینڈ آر احمدخان مینگل نے نئے کورٹ کی تعمیری کمپلیکس کے حوالے سے بریفنگ دی ، چیف جسٹس نے سیشن کورٹ میں شمسی نظام کے تحت سولر سسٹم کا بھی افتتاح کیا، تقریب میں رجسٹرار ہائی کورٹ نذیر احمدلانگو، انسپکشن جج عدالت عالیہ روزی خان بڑیچ، سیشن جج بشیر احمد بادینی، ایڈیشنل سیشن جج عبدالقیوم، جوڈیشل مجسٹریٹس قاضی صاحبان سیکرٹری پی ایچ ای شیخ حق نواز ،کمشنر خضدار ڈویژن اکبر علی حریفال ، کرنل ایف سی محمدامین دھاریجو ، ڈپٹی کمشنر ولی محمد بڑیچ، ڈی پی او حاجی محمد انور بادینی ، وکلاء برادری بلدیاتی نمائندے سمیت علاقائی معتبرین وعمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی، انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائینگے، اگر کسی کو انصاف کی فراہمی کے عمل میں شک وشبہ ہوتو امتیاز کئے بغیر اپنے معاملات پرٹیلیفون یا خط کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں، ازالہ نہ کرنے کی صورت میں اس دنیا میں شرمندگی اور روز محشر میں گرفت ہوگی، اس عمل میں ہم اکیلے کچھ نہیں کرسکتے، ہمارے ساتھ تعاون کریں اپنے حقوق اور زیادتی پر آواز اٹھانی چاہئے کسی بھی صورت لب بندی نہیں ہونی چاہئے، حق بات کی نشاندہی کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی ضرورت اور فرض بنتا ہے کہ ہم لوگوں کے شعار انصاف فراہم کریں آج میرے لئے یہ لمحات انتہائی مسرت انگیز ہے کہ میں اپنے آبائی علاقے میں نئے کورٹ کمپلیکس کا افتتاح کر رہا ہوں جو اس علاقے کے لوگوں کیلئے انصاف کی فراہمی میں چین اور سکون کی ضمانت ہے