کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے سنجاوی کے قریب سے اغواء ہونے والے چھ میں سے چار افراد کو بازیاب کرالیا گیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی پکڑا گیا۔ تاہم ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب اللہ ایک ساتھی سیت تاحال لاپتہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق زیارت کی تحصیل سنجاوی اور لورالائی کے درمیانی علاقے اغبرگ سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے چھ افراد کو اغواء کرلیا تھا ان میں قبائلی رہنماء سردار نقیب اللہ زخپل اورڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب اللہ بھی شامل تھے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی زیارت اور لورالائی سے ملحقہ علاقوں اور اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی تھی۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ، اسسٹنٹ کمشنر قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ کی نگرانی اور پولیس و ایف سی کی مدد سے ناکہ بندی کے دوران اغواء کار چارمغویوں کو بندات مرزئی کے مقام پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اغواء کار دو گاڑیاں بھی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ تلاشی لینے پر گاڑیوں سے ایک راکٹ لانچر، دو خودکش جیکٹس، سیکورٹی فورسز کی وردیاں، موبائل فون، واکی ٹاکیز، گیس سلنڈر ، غیر قانونی اور جعلی شناختی کارڈ، نمبر پلیٹ برآمد ہوئے ۔ رہا ئی پانے والوں میں سردار نقیب اللہ، حاجی تاہ گل، انعام اللہ اور حبیب شاہ شامل ہیں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب اللہ اور اس کا ایک ساتھی شیر محمد تاحال لاپتہ ہیں ۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے مغویوں اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
سنجاوی ،گزشتہ روز اغواء ہونیوالے 4مغوی بازیاب
وقتِ اشاعت : January 30 – 2016