|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2016

کوئٹہ: وزیراعظم میاں نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک ہی گاڑی میں نئی تعمیر ہونے والی گوادر تربت ہوشاب شاہراہ کا معائنہ کیا۔گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ جنرل راحیل شریف نے سنبھالی ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں گوادر تربت ہوشاب ایم 8شاہراہ کی افتتاحی تقریب کے بعد وزیراعظم اور آرمی چیف نے ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر نئی تعمیر ہونے والی شاہراہ پر سفر کیا اور سڑک کا معائنہ کیا۔ جنرل راحیل شریف نے آرمی جیپ کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی تو فرنٹ سیٹ پر ان کے ساتھ وزیراعظم میاں نواز شریف بیٹھ گئے۔ عقبی نشست پر ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل محمد افضل بیٹھے تھے۔ جبکہ ان کے پیچھے آرمی چیف کی حفاظت پر مامور سرخ ٹوپی پہنے ایک فوجی کمانڈو اور ان کے ہمراہ وزیراعظم کی سیکورٹی پر مامور ایک اہلکارکھڑے ہوکر سیکورٹی کی ڈیوٹی دیتے رہے۔ دونوں سیاسی و عسکری رہنماؤں نے نئی سڑک پر چند سو میٹر کا سفر ایک ہی گاڑی میں طے کیا ۔ اس موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیو او نے وزیراعظم اور پاک فوج کے سربراہ کو شاہراہ سے متعلق بتاتے رہے۔ اس سے قبل شاہراہ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب میں تختی کی ڈھوری بھی وزیراعظم نے اکیلے نہیں کھینچی بلکہ آرمی چیف کو بلایا اور وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری کو بھی ساتھ ملایا اور اکٹھے ڈھوری کھینچ کر شاہراہ کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں اپنی تقریر میں کہا کہ جنرل راحیل شریف نے حکومت کی مدد کرنے کیلئے ساتھ ملکر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ 193 کلو میٹر طویل گوادر تربت ہوشاپ شاہراہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے ۔ تیرہ ارب روپے کی لاگت سے انیس ماہ کی قلیل مدت میں تیار ہوئی۔ شاہراہ کی تعمیر سے گوادر سے انڈس ہائی وے کا سفر 400 کلومیٹر کم ہو گیا۔اس شاہراہ کی تعمیر کا کام عسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے کیا۔