خاران: این ٹی ایس محکمہ تعلیم متاثرین کی خاران پریس کلب کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری، بھوک ہڑتال کیمپ کو آج 100دن مکمل ہوگئے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم فوری طور پر ای ٹی ایس متاثرین کے مطالبات کو منظور کرے۔ این ٹی ایس ٹیسٹ میں میرٹ پر آنے والے امیدوار ملازمتوں سے محرومی کے بعد گزشتہ تین ماہ سے مسلسل بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں ان کا مطالبہ صرف میرٹ کی بحالی اور اپنی تعیناتی کے احکامات کو جاری کرنا ہے لیکن گزشتہ تین مہینے سے حکمرانوں اور میرٹ کی بحالی کے دعویدارو ں کو خاران کے حقدار امیدواروں کا احتجاج نظر نہیں آرہا سیاسی جماعتوں، سماجی حلقوں کی جانب سے اظہار یکجہتی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے لیکن یہ امر قابل غور ہے کہ ان سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس مسئلے کو لیکر خاطر خواہ احتجاج نہیں کیا گیا اور نہ ہی میرٹ کی بحالی اور محکمہ تعلیم میں اصلاحات لانے کے دعویداروں نے میرٹ کی پامالی کا نوٹس لیا امیدوار گزشتہ تین مہینے سے سراپا احتجاج ہیں لیکن آج تک انہیں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی عوامی حلقو ں کا کہنا ہے کہ ایک جانب نوجوانوں کو روزگاہ نہیں دیا جارہا دوسری جانب میرٹ پر آنے والے نوجوانوں کی بھی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے جس سے یقیناًمعاشرے میں بے چینی پھیلے گی اور نوجوان مایوسی کا شکار ہو کر انتہا پسندی کی جانب راغب ہونگے حکومت وقت اور محکمہ تعلیم کے حکام کو چاہیے کہ وہ خاران کے این ٹی ایس سے متاثر امیدواروں کو فوری انصاف دلانے کیلئے اقدامات کریں۔