پنجگور+کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے ایک گھر کے مہمان خانے میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس پنجگور اقبال یوسفزئی کے مطابق واقعہ پنجگور سے تقریباً تین کلو میٹر دور علاقے بونستان دازی میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے محمد اسماعیل نامی شخص کے گھر سے ملحقہ بیٹھک میں گھس کر فائرنگ کردی ۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں بیٹھک میں بیٹھے تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ ایس ایس پی پنجگور نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے اور جاتے ہوئے ہلاک افراد کا اسلحہ اور موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشیں سول اسپتال پنجگور پہنچادیں جہاں ان کی شناخت اسماعیل ولد محمد نور، مومن ولد فقیر محمد، ماجد ولد کریم بخش، اسماعیل ولد حمل، شعیب ولد محمد اور غلام جان ولد دوست محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ہلاک افراد میں سے دو کا تعلق پروم سے بتایا جاتا ہے۔ ایس ایس پی پنجگور نے بتایا کہ ہلاک افراد جرائم پیشہ اور آپس میں رشتہ دار تھے۔ ان میں سے کم از کم چارافراد پولیس کو چوری، ڈکیتی اور اغواء کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ اقبال یوسفزئی نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں مقتولین کے اہلخانہ نے بتایا کہ انہوں نے کسی گاڑی اور نہ ہی موٹر سائیکل کی آواز سنی ۔ شاید حملہ آور پیدل آئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے محرکات کا اب تک علم نہیں ہوسکا ہے، پنجگور ڈی ایچ کیو اسپتال میں فائرنگ سے جاں بحق افراد کی میتیں پولیس کی نگرانی میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔