کوئٹہ: گوادر اور ہرنائی میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے۔ بولان کے علاقے پیر پنجہ میں ٹرالر الٹنے سے شاہراہ بند ہوگئی ، گاڑیاں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس کے مطابق کوسٹل ہائی وے پر گوادر کے علاقے کارواٹ کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث پراڈو گاڑی الٹ گئی۔ حادثے میں باسط جاں بحق جبکہ اویس، لطیف اور فدا زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اویس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق و زخمی افرا د کا تعلق گوادر سے بتایا جاتا ہے جو شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے گوادر سے تربت جارہے تھے۔ ادھر ہرنائی کے علاقے طالب لیز کے قریب سبی اجتماع سے آنے والی ڈبل ڈور پک اپ مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہرنائی منتقل کردیا گیا۔ دو شدید زخمیوں کو طبی امداد کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب بولان کے علاقے پیر پنجہ کے قریب قومی شاہراہ پر ٹرالر الٹ گیا جس کے باعث قومی شاہراہ کا ایک حصہ ٹریفک کیلئے بند ہوگیا اور ٹریفک جام ہوگیا۔ شاہراہ کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شاہراہ کے دونوں جانب ہزاروں گاڑیاں سات گھنٹوں سے زائد تک پھنسی رہیں جس کے باعث مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثناء سبی کے تین روزہ تبلیغی اجتماع کے اختتام پر ڈیرہ مراد جمالی آنے والے تبلیغی جماعت کا قومی شاہراہ لینڈ سے کے مقام پررکشہ تیز رفتارہ کے باعث الٹنے سے محمد رفیق سمیت نو افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد دینے کیلئے سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی لایا گیا جبکہ تین افراد محمد رفیق محمد ایوب اور زبیراحمد کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے لاڑکانہ ریفرکردیا گیا زخمیوں کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی سے بتایا گیا ہے ۔