کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر کو زخمی کردیا۔ ایس پی صدر احمد فراز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایئر پورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اسسٹنٹ پروفیسر پارا الدین کاکڑ کو زخمی کردیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمی پروفیسر کو فوری طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ ایس پی صدر کے مطابق پارا الدین کاکڑ امارات سٹی میں واقع اپنے فلیٹ سے نیچے اتر رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ انہیں دونوں پاؤں میں گولیاں ماری گئی ہیں اور حالت خطرے سے باہر ہے۔ ملزمان نے نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا ہے۔ تاہم فائرنگ کے واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔