|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2016

سبی: کمانڈر سدرن کمانڈ بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ صوبے کو ترقی و امن کی راہ پر گامزن کردیا گیا ہے،پرامن اور خوشحال بلوچستان ملک کے معاشی استحکام کا ضامن ہے،سبی رکھنی روڈ کی تکمیل کے بعد علاقہ کے عوام کے لیے خوشحالی کا ایک نیا باب کھل جائے گا،قومی شاہراہیں قوموں کی ترقی کی علامت ہوتی ہیں،بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا اور ان تک بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر سبی رکھنی روڈ کے معائنہ کے دوران بات چیت میں کیا ،اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن،ڈائریکٹر جنرل نیشنل لاجسٹک سیل لیفٹیننٹ میجر جنرل فیصل مشتاق،سبی رکھنی روڈ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈئیر محمد احمد علوی،کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس احمد رضا خٹک ،پروجیکٹ منیجر کرنل ارسلان علیم،کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ،کرنل اظہراحمد،صوبیدار میجر محمد اشرف،رسالدار لیویزمیر عارف مری و دیگر بھی موجود تھے،قبل ازیں کورکمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ میجرجنرل عامر ریاض ،ڈائریکٹر جنرل نیشنل لاجسٹک سیل لیفٹیننٹ میجر جنرل فیصل مشتاق اور آئی جی ایف سی بلوچستان شیر افگن کو پروجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈئیر محمد احمد علوی نے سبی رکھنی روڈ کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی ،اس موقع پر کورکمانڈر سدرن کمانڈ بلوچستان لیفٹیننٹ میجرجنرل عامر ریاض نے نیشنل لاجسٹک سیل کے ماہر اور تجربہ کار انجینئرز کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ این ایل سی نے 178کلومیٹر طویل شاہراہ سبی رکھنی روڈ کی تعمیر کو یقینی بنایا ہے اور دشوار گزار راستوں ،سنگلاخ پہاڑوں کی چٹانوں کو توڑ کر راستے کو ہموار بنانا یقیناًانجینئرنگ کا شاہکار ہے انہوں نے کہا کہ پاک آرمی نے سول حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں امن و امان کوقائم کرنے میں جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور صوبے کو ترقی و امن کی راہ پر گامزن کردیا گیا ہے ،اس بات میں کوئی قباہت نہیں ہوگی کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان ہی ملک کی معیشت کے استحکام کاضامن ہے جبکہ سبی رکھنی پروجیکٹ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بلوچستان ترقی کی پٹڑی پر چڑھ چکا ہے اور ترقی کے اس سفر میں صوبے کے عوام ریاست کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ سبی رکھنی روڈ کی تکمیل کے بعد سبی،کوہلو،رکھنی ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان کا سفر آسان ہوجائے گا اور سبی سے ملتان بارہ گھنٹوں کا سفر رکھنی شاہراہ سے صرف چھ گھنٹوں کی مسافت میں طے ہو گا جبکہ یہاں کی مقامی آبادی کی زرعی اجناس کو فارم ٹو مارکیٹ رسائی میں مثبت مدد ملے گی اور علاقے میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا ،اس موقع پر نیشنل لاجسٹک سیل کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ میجر جنرل فیصل مشتاق نے بتایا کہ مذکورہ شاہراہ کی تکمیل ماہ مارچ کے آخر تک مکمل ہو جائے گی جس کے بعد مذکورہ شاہراہ پر ہیوی ٹریفک کو بھی کھول دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ نیشنل لاجسٹک سیل کے ماہر اور تجربہ کار انجینئرز کی شب وروز کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ سخت موسمی حالات اور سیکورٹی رسک کے باوجود سبی رکھنی شاہراہ کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے انہوں نے کہا کہ مذکورہ شاہراہ کے ثمرات ابھی سے یہاں کے عوام پر پڑ رہے ہیں اور یہاں کے عوام کے معیار زندگی میں مثبت بدلاؤ آرہا ہے جو کہ قابل ستائش امر ہے،دریں اثناء کورکمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ میجر جنرل عامر ریاض ،آئی جی ایف سی لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن،لیفٹیننٹ جنرل فیصل مشتاق نے پروجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈئر محمد احمد علوی کے ہمراہ شاہراہ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔