اوتھل: کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے پولی ٹیکنیکل کالج اوتھل میں بارہ سال گزرنے کے بعد بھی کلاسوں کااجراء نہ ہوسکا،عمارت ویران،طلبہ پریشان فنی تعلیم کا خواب ادھورہ رہ گیا،صوبے میں تعلیمی بہتری کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،عوامی حلقوں کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے پولی ٹیکنیکل کالج اوتھل میں فوری طورپر کلاسیں شروع کرنے کامطالبہ،تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام میرمحمد یوسف مرحوم کے دورحکومت 2003-4میں 31کروڑ82لاکھ 70ہزار روپے کی لاگت سے منظورہونے والے پولی ٹیکنیکل کالج اوتھل کو مکمل ہوئے کئی سال گزرگئے لیکن تاحال کالج میں کلاسوں کا اجراء ممکن نہ ہوسکا اور عمارت ویران ہوکرکسی بھوت بنگلے کا منظرپیش کررہی ہے اگراس کالج میں بروقت کلاسیں شروع ہوتیں تو آج لسبیلہ کے سینکڑوں نوجوان ہنرمندہوتے اور باعزت روزی کماکراپنے خاندان کی کفالت کرتے لیکن ستم ظریفی کی بات ہے 12سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ہنوز اس کالج میں درس وتدریس کا سلسلہ شروع نہ ہوسکاجوکہ ایک لمہ فکریہ ہے کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والی اس عمارت میں تعلیم وتربیت کا سلسلہ شروع نہ ہونے پر عوامی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اگرکالج میں بروقت درس وتدریس کا عمل شروع ہوتاتو لسبیلہ کے نوجوان جو کہ اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں بے روزگارہیں کوئی نہ کوئی ہنرسیکھ کر اپنے علاقے اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار اداکرتے لیکن اتناعرصہ گزرنے کے بعد لسبیلہ کے طلبہ فنی تعلیم کا خوب ادھورہ رہ جانے کے باعث پریشانی کے عالم میں ہیں اس حوالے سے بتایا جاتاہے کہ بلوچستان حکومت کے کئی اعلیٰ افسران اور وزراء نے کئی بارپولی ٹیکنیکل کالج اوتھل کا دورہ کیا اور فوری طورپر کلاسیں شروع کرنے کااعلان بھی کیا لیکن یہ اعلانات محض اخباری بیانات تک ہی محدود رہے اور کالج میں کلاسوں کا اجراء ممکن نہ ہوسکا اوتھل کے عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ وہ پولی ٹیکنیکل کالج اوتھل میں فوری طورپر تعلیم وتربیت کی کلاسوں کے اجراء کیلئے اقدامات کریں تاکہ نہ صرف لسبیلہ بلکہ بلوچستان کے دوسرے علاقے کے نوجوان اس کالج میں تعلیم حاصل کرکے اور ہنرمندبن کرمعاشرے میں اپنابھرپورکردار اداکرسکیں اگرجلدازجلدپولی ٹیکنیکل کالج اوتھل میں کلاسوں کا اجراء نہ کیاگیا تو کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والی یہ عمارت خستہ حال ہوکر اپنی افادیت کھوبیٹھے گی۔