|

وقتِ اشاعت :   February 28 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے تھانہ شالکوٹ کی حدود میں ہزار گنجی کے علاقے لنک روڈ پر ٹریفک پولیس کے خالی بوتھ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں بلاہر خان ولد طالب خلجی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی حبیب اللہ ولد عبدالحلیم خلجی شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطاب ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ لاش اور زخمی کو بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال لے جایا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق مقتول کو سر پر گولی ماری گئی جبکہ زخمی حبیب اللہ کو بھی ایک گولی سر اور دوسری بازو پر لگی ہے اور اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ملزمان جاں بحق اور زخمی افراد کی موٹر سائیکل بھی ساتھ لیکر نہیں گئے ۔زخمی کے ہوش میں آنے کے بعد ہی اصل صورتحال معلوم ہوگی۔تاہم پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔