|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں دو گروہوں کے درمیان تصادم میں دو سگے بھائی جاں بحق جبکہ والد اور ایک بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ و سیٹلائٹ ٹاؤن نور بخش مینگل کے مطابق واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن تھانہ کی حدود میں پرانا بس اڈہ کے قریب ٹائروں کی ایک دکان میں پیش آیا جہاں لین دین کے تنازعہ پر دو بھائیوں حاجی بشیر اور شفیق اور ان کے بیٹوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ اس دوران حاجی شفیق اور ان کے بیٹوں نے چاقوؤں اور خنجروں کے پے در پے وار کرکے اٹھارہ سالہ سمیع اللہ ولد محمد بشیر اچکزئی کو موقع پر ہی قتل جبکہ ان کے والد محمد بشیر ولد محمد بخت اور دو بھائیوں بیس سالہ نصیب اللہ اور پچیس سالہ شمس اللہ کو شدید زخمی کردیا۔واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمی شمس اللہ کو سیٹلائٹ ٹاؤن کے نجی اسپتال میں لے جایا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دونوں بھائیوں کی لاشیں اور زخمی ہونے والے والد محمد بشیر اور بھائی نصیب اللہ کو فوری طور پر سول اسپتال لے جایا گیا ۔ زخمی نصیب اللہ کو پیٹ اور کمر میں چاقو لگنے سے شدید زخم آئے ہیں اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا جبکہ محمد بشیر کو سر پر پستول کے بٹ کے زخم لگے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم شفیق اور ان کے بیٹے واردات کے بعد فرار ہوگئے ہیں ان کی گرفتار ی کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ واقعہ لین دین کے تنازعہ پر پیش آیا ہے۔