|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2016

دالبندین +کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایف سی اورمنشیات اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو منشیات اسمگلر ہلاک جبکہ تین کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں منشیات اور اسلحہ سے بھری گاڑی جل کر تباہ ہوگئی۔ ترجمان ایف سی کے مطابق پاک ایران سرحدی ضلع چاغی اور واشک کی تحصیل ماشکیل کے درمیانی علاقے رود میں ایف سی نے منشیات اسمگلروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ نہ رکنے پر دو طرفہ فائرنگ ہوئی ۔ اندھا دھند فائرنگ کے تبادلے میں منشیات کے دو اسمگلر ہلاک اور تین زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں منشیات اسمگلروں کی منشیات اور اسلحہ سے بھری گاڑی کو آگ لگ گئی ۔ آتشزدگی میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق زخمی اسمگلروں کے قبضے سے تین عددجلی ہوئی کلاشنکوف،ایک عدد لائٹ مشین گن اور ایک عدد راکٹ لانچر برآمد کیا گیا ۔زخمی اسمگلروں کو علاج کی غرض سے کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق گاڑی میں تقریباً آٹھ سو کلو گرام افیون اور چرس ایران اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ ہلاک منشیات اسمگلروں کی شناخت چاغی کے رہائشی محمود ولد تور جان اور برامچاہ کے رہائشی بالاچ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں دالبندین کے رہائشی محمود ولد لال محمد ،چاغی کے رہائشی عبدالہادی ولد محمد نبی اور خان ولد تور جان شامل ہیں۔