|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پشین میں نامعلوم افراد نے پولیس چوکی پر فائرنگ کرکے پولیس آفیسر کو قتل کردیا۔ پولیس نے چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق واقعہ پشین شہر سے تقریبا تین کلو میٹر دور سٹی تھانے کی حدود میں کلی غرشینان میں پیش آیا جہاں پولیس چوکی پر تعینات دو پولیس اہلکاروں پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں چوکی کا انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر سید علی احمد آغا شدید زخمی ہوگیا جبکہ دوسرا اہلکار سپاہی اصغر شاہ محفوظ رہا۔ دہشتگرد زخمی آفیسر کا واکی ٹاکی بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ زخمی اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سول اسپتال پشین پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں سینے پر ایک گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ مقتول اے ایس آئی کا تعلق پشین کے علاقے کلی یارو سے تھا۔ بعدازاں لاش سول اسپتال کوئٹہ لائی گئی جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ واقعہ میں بچ جانے والے سپاہی اصغر شاہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کی تعداد دو تھی جو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف جوابی فائرنگ کی تاہم دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں نے سائلنسر لگے پستول کا استعمال کیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ بچ جانے والے اہلکار کا بیان ریکارڈ اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔