کوئٹہ+گوادر: گوادر سمیت بلوچستان کے جنوب مغربی حصوں میں طویل عرصے بعد بارش کے بعد شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ گوادر کے آنکاڑہ اور پسنی کے شادی کور ڈیم میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج سے صوبے بھر میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مکران میں اتوار کی رات کو شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ پیر کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔ گوادر، پسنی، اورماڑہ ، جیوانی اور دیگر ساحلی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔ طویل عرصے بعد بارش پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سربندر میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی دیکھی گئی۔ بارش کے بعد کئی ماہ سے خشک آنکاڑہ ڈیم میں بھی پانی جمع ہونا شروع ہوگیا۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایکسیئن شکیل بلوچ نے بتایا کہ آنکاڑہ ڈیم میں اب تک پانچ فٹ پانی جمع ہوچکا ہے اور امکان ہے کہ کل تک اسپیل وے تک پانی آجائے۔ گوادر کے بیلار ڈیم ، پسنی کے شادی کور ڈیم اور دیگر منی ڈیموں میں بھی پانی جمع ہونا شروع ہوگیا ہے ۔ باران رحمت پر گوادر کے شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بارش کے بعد اب شہر میں پانی کی قلت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ گوادر میں پینے کے پانی کا واحد ذریعہ آنکاڑہ ڈیم ہے جو کئی ماہ سے خشک ہے ۔ پانی کی قلت کے باعث شہر میں پانی کے ٹینکر کی قیمت پندرہ ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی۔ مکران ڈویژن کے علاقے کیچ ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تربت، مند، تمپ ، دشت اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ کلانچ کے علاقے نیلنٹ میں ندی سے گزرتے ہوئے کراچی سے تربت جانے والی مسافر بس برساتی پانی کی زد میں آکر بہہ گئی تاہم مسافر بس میں سوار تمام افراد کو بچالیا گیا۔ قلات ڈویژن میں بھی کئی مقامات پر بارش ہوئی۔ قلات، سوراب اور خضدار میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بارشوں سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر میں پیر کی شام تک 20، پسنی میں14، جیوانی میں 13، تربت میں5جبکہ اورماڑہ میں2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ آج منگل سے ساحلی علاقوں سمیت بلوچستان کے بیشتر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔