کوئٹہ: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال مستونگ کے چیف میڈیکل آفیسر سمیت آٹھ ڈاکٹروں کو ڈیوٹی سے غیر حاضری پر معطل کردیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان معائنہ ٹیم کے ممبر سابق سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے پیر کی صبح اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال مستونگ کا دورہ کیا ۔ اس دوران آٹھ ڈاکٹروں کو غیر حاضر پایا گیا ۔ ان میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر علی احمد، تین میڈیکل افسران ڈاکٹر نور احمد، ڈاکٹر آفتاب احمد، ڈاکٹر عبدالسلام ،لیڈی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر گل نساء ، ڈی ایس ڈاکٹر رخسانہ ، ماہر امراض خواتین ڈاکٹر لیلیٰ زیب اور ڈاکٹر زرمینہ شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ممبر کی سفارش پر ہم نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان آٹھ غیر حاضر ڈاکٹروں کو ملازمتوں سے معطل کردیا ہے اور انہیں اظہار وجوہ کے نوٹسز بھی جاری کردیئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ محکمہ صحت اور سرکاری اسپتالوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ فرائض کی انجام دہی میں غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اب تک ہم بارہ سے زائد ایسے ڈاکٹروں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملازمتوں سے برطرف کرچکے ہیں جو ڈیوٹیوں سے طویل عرصہ سے غیر حاضر تھے یا پھر ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھے۔ ان میں سے کئی ڈاکٹر بیرون ملک بیٹھ کر تنخواہیں وصول کررہے تھے۔