مستونگ: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں چیف آف بیرک و صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی ایم این اے سردار کمال خان بنگلزئی چیئرمین خیر جان بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے‘ عوام کی یکجہتی کے بغیر بین الاقوامی سازشوں اور سائل وساحل کا دفاع ممکن نہیں‘ نیشنل پارٹی اپنی قومی جمہوری سوچ اور مربوط حکمت عملی کے بدولت عوام میں تاریخی پذیرائی حاصل کر رہی ہے ‘جہانگیر بلوچ کی فکری سیاسی نظریاتی سوچ اور جدوجہد ہی ہمارا قومی اثاثہ ہے قول وفعل میں تضاد اور پارٹی بندیوں میں تقسیم کرنے والے پہلے بھی کامیاب نہیں ہوئے تھے اور آئندہ بھی انہیں عوام مسترد کردینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز مستونگ میں پارٹی رہنما مرحوم جہانگیز بلوچ کی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ جلسہ سے سینٹرل کمیٹی ممبران حاجی صالح بلوچ اسلم بلوچ فاٹا کے آرگنائزر روزی شاہ ضلعی صدر غلام فاروق شاہوانی جنرل سیکرٹری عبدالمجید بنگلزئی تحصیل صدر میر احمد بلوچ بی ایس او کے زونل صدر بابل ملک بلوچ ناصر بلوچ عبدالرؤف دہوار سلال جہانگیر و دیگر نے بھی خطاب کیا‘ تعزیتی جلسے سے نواب محمد خان شاہوانی سردار کمال خان بنگلزئی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچ سمیت ملک کے تمام محکوم مظلوم طبقات کی حقیقی نمائندگی کر رہی ہے جس میں جاگیر دارانہ سوچ اور فرسودہ سوچ کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی اور بلوچ قوم پرستوں پر اسٹیبلشمنٹ اور اس ملک کے حکمرانوں کے مائنڈ سیٹ ہی رہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم پرست ترقی و خوشحالی کے خلاف اور اس سسٹم کو چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتے لیکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی اڑھائی سالہ دور حکمرانی اور نیشنل پارٹی کے مؤثر سوچ نے یہ تاثر غلط ثابت کر دیا کہ قوم پرست قوتیں ہی بلوچستان کے حالات کو بہتر رکھتے ہیں‘ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اڑھائی سالہ مختصر مدت میں مثالی قیام امن کرنے کے ساتھ تمام محکموم میں میرٹ کو مرتب کیا‘ این ٹی ایس کے تحت4500 نوجوانوں کو بھرتیوں کے علاوہ سینکڑوں لیکچرارز کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی گوادرمیں ہزاروں ایکڑز پر قابض الاٹ منٹ کی منسوخی کمیشن کرپشن کی حوصلہ شکنی صحت اور تعلیمی اداروں میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گڈ گورنس قائم کر کے تاریخی خدمات سر انجام دیے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سیاسی و جمہوری اور عوامی سوچ کی بدولت پلڈاٹ کے حالیہ سروے میں نیشنل پارٹی کو ملک کی دوسری جمہوری جماعت قرار دے کر ہمارے تمام دعوؤں اور کامیابی کو درست قرار دیا ۔