بلوچستان: وادی کوئٹہ میں آج بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلودہے،بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے ،گزشتہ روز ہونے والی بارش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا کوئٹہ میں گزشتہ ہفتے سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں کے بعد آج بھی مطلع جزوی طور پر مطلع ابر آلود ہے ، وادی میں سردی میں اضافہ ہوا ہے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ،ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے دوسری جانب صوبائی حکومت اور بلوچستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور متعلقہ اضلاع مین مانیٹرنگ سیل قائم کر کے بارش کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔دریں اثناء بلوچستان کے شمالی علاقوں کے پہاڑی کے ندی نالوں سے آنے والا سیلابی ریلا نصیرآباد کے علاقے کوٹ پلیانی پہنچ گیا دوہزار ایکڑ پر کاشت گندم کی فصل سیلابی پانی کی نظر ہوگئی پانچ دیہات زیر آب آ گئے تفصیلات کے مطابق پہاڑی علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلانے ضلع لہڑی کے مائی واہ بند کو توڑتے ہوئے نصیرآباد کی حدود میں داخل ہوگیا نصیرآبادکے علاقے قبولہ کوٹ پلیانی کے پانچ دیہات زیر آب آگئے لوگوں نے اپنی مدد آپ نقل مکانی شروع کردی جبکہ دو ہزار ایکڑ پر کاشت گندم کی فصل بھی سیلابی ریلے کی نظر ہونے سے کسانوں زمینداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا آمدہ اطلاعات کے مطابق سیلابی ریلا قبولہ اور کوٹ پلیانی میں داخل ہونے کے باوجود انتظامیہ غائب ہے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروئیاں کرکے محفوظ مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد نصیرخان ناصر نے پٹ فیڈر کینال ربیع کینال کی حفاظتی بندوں کی حفاظت کیلئے محکمہ ایری گیشن اور ایم ایم ڈی کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔