کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ امبو ندی میں طغیانی کے باعث کوئٹہ ہرنائی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کوئٹہ میں بھی دن بھر فضاء میں کالے بادلوں کا راج رہا ۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بارش کے بعد بدھ کی شام کو وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ سرد ہوائیں چلنے سے شہریوں نے دوبارہ گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردیا،زیارت ، سنجاوی ،ہرنائی اور شاہرگ میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ شاہرگ میں باعث کے باعث امبو ندی میں طغیانی آگئی اور کوئٹہ ہرنائی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ درجنوں گاڑیاں پھنسنے کے باعث خواتین اور ضعیف العمر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ژوب، شیرانی، قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ، پشین، قلات ،نوشکی ، سبی، ڈھاڈر، بولان، مچھ ،کوہلو ، بارکھان اورموسیٰ خیل میں بارش شروع ہوئی۔ جبکہ نصیرآباد ، موسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں میں بھی ہلکی بوندا بوندی ہوئی ۔ ۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق پسنی میں پانچ ملی میٹر بارش ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ناڑی میں دو ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے ۔ دریائے بولان میں ایک ہزار، دریائے لہڑی میں آٹھ سو، دریائے ژوب میں ایک ہزار جبکہ کنگری کے درمیان میں چھ سو کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے،محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے