کوئٹہ: کوئٹہ ،نصیرآباد ،پنجگور اور تربت میں ایف سی، پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشنز کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار افراد کو ہلاک جبکہ 25کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا ۔ ایف سی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے متصل ضلع نصیرآباد کی تحصیل چھتر میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے چارافرادمارے گئے جبکہ ایک اہم کمانڈر سبزل بگٹی زخمی ہوگیا۔ سولہ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ارکان کے زیر استعمال کئی جھونپڑیوں اور ایک گاڑی کو بھی تباہ کردیا گیاجبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ سبزل بگٹی کا تعلق کالعدم بی آر اے سے بتایا جاتا ہے جن کی گرفتاری میں مدد دینے پر حکومت نے حال ہی میں لاکھوں روپے انعام بھی مقرر کیا تھا۔ کارروائی میں سبزل بگٹی کے مارے جانے کی اطلاع بھی ملی ہے تاہم فورسز نے اب تک ان کے مارے جانے کی تصدیق نہیں کی ۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن اور چالو باوڑی میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ سر چ آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ایک کلاشنکوف اور پستول بھی برآمد کی گئی۔ جبکہ تربت کے علاقے تمپ میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی اور کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں پانچ افراد کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ دوسری جانب پنجگور کے نواحی علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں امجد ولد بہار کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران پانچ عددکلاشنکوف اور اس کے37کارتوس، دو عدد 12بور کی رائفلیں ،ایک عدد تھری ناٹ تھری رائفل برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار عسکریت پسند اغواء برائے تاوان، تخریبی کارراوئیوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہے۔