ممبئی: جنوبی افریقہ نے اے بی ڈ ویلیئرز اور کرس مورس کی شاندار کارکردگی کی بدولت افغانستان کو شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پہلی فتح اپنے نام کر لی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے ڈیل اسٹین کی جگہ ڈیوڈ ویز کو فائنل الیون کا حصہ بنایا۔
اوپنرز نے ٹیم کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن ہاشم آملا اس مرتبہ پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 45 رنز بنائے اور کپتان فاف ڈیو پلیسی کے ساتھ اسکور کو 90 رنز تک پہنچایا لیکن دونوں ہی بلے باز یکے بعد دیگرے ہویلین لوٹ گئے، آؤٹ ہونے سے قبل ڈیو پلیسی نے 41 رنز بنائے۔
افغانستان کی بہتر باؤلنگ اور وکٹیں گرنے کے سبب رنز بنانے کی رفتار میں نسبتاً کمی واقع ہوئی لیکن اے بی ڈی ویلیئرز نے روایتی جارحانہ انداز میں نصف سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی بڑے مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔
جارح مزاج بلے باز نے پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 64 رنز بنائے جس ی بدولت جنوبی افریقہ نے اسکور بورڈ پر 209 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا۔
افغانستان کی جانب سے عامر حمزہ، دولت زدران، شاہ پور زدران اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں جنوبی افریقی باؤلرز کے خلاف اننگ کا آغاز گزشتہ میچ سے کچھ مختلف نہ تھا جہاں محمد شہزاد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت افغانستان نے ابتدائی تین اوورز میں 47 رنز بنا کر حریف ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
تاہم پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنانے والے شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد افغان ٹیم اس سلسلے کو برقرار نہ رکھ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔
نور علی زدران 25، گلبدین نائب 26، سمیع اللہ شنواری نے 25 رنز بنائے لیکن کوئی بھی بلے باز بڑی اننگ نہ کھیل سکا۔
افغانستان کی ٹیم اننگ کی آخری گیند پر 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس نے 27 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران طاہر، کائل ایبٹ اور کگیسو ربادا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ میں فتح کی بدولت جنوبی افریقہ نے ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کی جسے ابتدائی میچ میں 229 رنز بنانے کے باوجود انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔