|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2016

کوئٹہ+اندرون بلوچستان : ایف سی پولیس اور حساس اداروں کی مختلف علاقوں تربت ،ڈیرہ بگٹی ،پنجگور اور کوئٹہ میں کارروائی ، بچی سمیت 3افراد جاں بحق متعدد گرفتار ،کالعدم تنظیموں کے پانچ ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ، اسلحہ وگولہ بارود برآمد، تفصیلات کے مطابق بلیدہ کے علاقے میں ایف سی کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بی آر اے کے کمانڈرسمیت 2شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق اتوار کو فرنٹیر کور بلوچستان نے بلیدہ کے علاقے میں کالعدم تنظیم بی آر اے کے شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جوابی کارروائی میں بی آر اے کا ایک کمانڈر ہلاک ہوگیاکارروائی کے بعد فورسز واپس جارہی تھیں کہ شدت پسندوں نے حملہ کردیا کراس فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا ایک اور شدت پسند ہلاک ہوگیا ایف سی نے ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے 2ایس ایم جی ،ہینڈ گرینڈقبضے میں لے لئے۔ ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے والے دیگر شدت پسندوں کا تعاقب جاری ہے ہلاک ہونے والے شدت پسند فورسز پر حملوں ،ٹارگٹ کلنگ اوردیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں پنجگور میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر گرفتار ٗاسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر پنجگور کے علاقے گور مکان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک اہم کمانڈر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 5 ایس ایم جیز ٗ3 رائفلز اور سینکڑوں راؤنڈز برآمد کر لئے ہیں۔ گرفتار ہونے والا کمانڈر اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، فورسز پر حملوں اور تخریب کاری میں ملوث تھا جسے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ،دریں اثناء ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں ایف سی کی کارروائی شرپسندوں کے پانچ مسمار ٹھکانوں سے گولہ بارود برآمد ۔ تفصیلات کیمطابق اتوار کو ایف سی نے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے رستم دربار میں کارروائی کرتے ہوئے شرپسندوں کے استعمال میں پانچ ٹھکانوں کو تباہ کردیا اور ان کے ٹھکانوں سے تین عدد ریموٹ کنٹرول بم اور ایک عدد راکٹ لانچر برآمد کرلیا تاہم اس موقع پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ،علاوہ ازیں ایف سی اور پولیس کا کوئٹہ شہر میں سرچ آپریشن چار مشتبہ افراد گرفتار اسلحہ برآمد کرلیا ۔ ترجمان ایف سی کے مطابق اتوار کو کوئٹہ شہر کے علاقے گوردت سنگھ روڈ اور گرد نواح میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران4مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے 5پسٹل تین رائفل دو روالور اور سینکڑوں راؤنڈ برآمد کرلئے گرفتار افراد کو تحقیقات کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔