کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پچاس سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پولیس تھانہ شالکوٹ کی حدود میں ہزار گنجی میں سبزی منڈی کے مین گیٹ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے بہاؤ الدین ولد کرم خان نورزئی کو گولیوں کا نشانہ بنایااور فرار ہوگئے۔ سینے پر تین گولیاں لگنے سے پچاس سالہ بہاؤ الدین شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس تھانہ شالکوٹ کا عملہ اسے زخمی حالت میں بولان میڈیکل اسپتال پہنچارہے تھے تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی لاش بولان میڈیکل اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء حوالے کردی گئی۔ مقتول کا تعلق نوشکی سے بتایا جاتا ہے تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔