|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2016

کوئٹہ: حساس اداروں نے بلوچستان میں بڑی اور اہم کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے حاضر سروس جاسوس کو گرفتار کرلیا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق را ایجنٹ کو گزشتہ روز بلوچستان سے گرفتار کیا گیا اور ہندوستانی جاسوس کو تفتیش کیلئے آج اسلام آباد منتقل کردیا گیا، جہاں پر را ایجنٹ نے اپنا نام کلبھوشن یادو بتایا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنا تعارف ہندوستان نیوی کے حاضر سروس آفسر کے طور پر کروایا ہے۔ واضح رہے کہ سیکیورٹی اداروں نے را ایجنٹ کی گرفتاری کا اصل مقام نہیں بتایا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہندوستانی جاسوس بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیموں کی مدد کرنے اور بلوچستان میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے میں ملوث ہے۔ اس کے علاہ ملزم کے کراچی میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے روابط ہیں، جبکہ وہ کراچی میں ہونے والی متعدد دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں کا ذمہ دار بھی بتایا جارہا ہے۔