|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2016

لاہور: وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ ’’ را ‘‘ کے افسر کل بھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد مزید 15گرفتاریاں کی گئی ہیں ،بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی افغانستان کے راستے ٹرانسپوٹیشن اور فنڈنگ کرتا ہے ،ایران پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سردار ثنا اللہ زہری نے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین پر حملہ انسانیت سے گر ی ہوئی حرکت ہے ۔ ہسپتال میں دھماکے کے زخمی بچوں کو دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ہمارے ہمسائے ملک افغانستان کے راستے ہو رہی ہے ۔بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی افغانستان کے راستے ٹرانسپوٹیشن اور فنڈنگ کرتا ہے ۔ ایران پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی اداروں نے بلوچستان سے ’’ را‘‘ کے افسر کی گرفتاری عمل میں لا کر بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے ۔اس کے بعد مزید15گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں رینجرز کے آپریشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے ملاقات کی،اس موقع پر صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، عبدالرحیم زیارتوال، میر خالد خان لانگو اور چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس المناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا، اس موقع پروزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی حکومت اورعوام دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اورعوام کے ساتھ ہیں اورملک کو ملکر امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور موجودہ صورتحال میں اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔بچوں،خواتین اوربز رگوں کا خون بہانے والے دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔ معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ سانحہ گلشن اقبال پارک نے قوم کو ایک بار پھر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے یکجا کر دیا ہے۔ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری بھی ہے اور پاک دھرتی کا قرض بھی اورقوم کے اتحاد کی طاقت سے مٹی کا یہ قرض ہر قیمت پر چکائیں گے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سر چھپانے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا قلع قمع کریں گے۔قائداعظمؒ کے پاکستان میں آگ اور خون کا کھیل روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ شہداء کی عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے،خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔دہشت گردی پاکستان کا مقدر نہیں، اس ناسور کے خاتمے کیلئے جان لڑا دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ قوم کے اتحاد سے امن کے دشمنوں کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملائیں گے۔اس موقع پر سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔دونوں وزراء اعلیٰ نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔