|

وقتِ اشاعت :   April 2 – 2016

قاہرہ: ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی جانب سے نجی ٹی وی کے شو میں چیریٹی کی مد جوتا عطیہ کیے جانے پر مصر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ لیونل میسی نے مصر کے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جوتے چینل کو عطیہ کرتے ہیں تاکہ وہ اس کی نیلامی کر کے اسے چیریٹی یا خیراتی کاموں کیلئے استعال کر سکیں۔ اس موقع پر انٹرویو کرنے والی میزبان نے میسی کا شکریہ ادا کیا۔ ویسے تو کوئی بھی نہیں چاہے گا کہ اسے جوتے سے مارا جائے یا اعزازاً جوتا دیا جائے لیکن مشرق وسطیٰ میں اسے خصوصاً بڑی تضحیک تصور کیا جاتا ہے۔ بارسلونا کے اسٹار کی جانب سے جوتے عطیہ کیے جانے پر عوام اور ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور میسی کی ذاتیات پر بھی حملے کیے گئے۔ رکن پارلیمنٹ سید حساسن نے ایک ٹیلی ویژن شو پر میسی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنا جوتا ہاتھ میں پکڑ کر کہا کہ یہ میرا جوتا ہے، میں اسے ارجنٹینا کو عطیہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مصری عوام کی بے عزتی ہے۔ مصری فٹبال فیڈریشن کے ترجمان عظمی مجاہد نے فون پر گفتگو میں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کے جوتے کی ضرورت نہیں اور مصر کے غریبوں کو یہودی یا صہیونی شہریت کے حامل کسی شخص سے مدد کی ضرورت نہیں۔ تاہم چند لوگوں نے میسی کے طرز عمل کا دفاع کرتے ہوئے اس کی تعریف بھی کی۔ مصر کے سابق فٹبالر میڈو نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصنف کے پاس سب سے قیمتی چیز ان کا قلم ہوتا ہے اور ایک فٹبالر کے پاس سب سے قیمتی چیز اس کے جوتے ہوتے ہیں۔