کوئٹہ: بلوچستان سے گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی را کے آفیسر کلبھوشن یادیو کے خلاف کوئٹہ کے تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سرکاری حکام کے مطابق کلبھوشن یادو کے خلاف مقدمہ کوئٹہ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے تھانے میں محکمہ داخلہ بلوچستان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں سبوتاژ، دہشتگردی ،جاسوسی ، دہشتگردوں کی معاونت ،فارن ایکٹ سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق بھارتی جاسوس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے محکمہ داخلہ بلوچستان کو خط لکھا تھا۔ جس کے بعد محکمہ داخلہ بلوچستان نے آئی جی پولیس بلوچستان کو مقدمہ درج کر نے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم سرکاری حکام نے یہ نہیں بتایا کہ کلبھوشن یادیو کے خلاف مقدمہ کس عدالت میں چلایا جائے گا۔ بھارتی خفیہ ادارے را کے آفیسر کو مارچ کے اوائل میں بلوچستان کے مکران ڈویژن میں پاک ایران سرحدی علاقے سے پاکستانی سیکورٹی ادارے نے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی جاسوس نے دوران تفتیش کراچی اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کرنے کی سازشوں کا اعتراف کیا تھا۔ انہوں نے بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کو مالی مدد اور ٹریننگ کیلئے بھارت بھیجنے کا بھی اعتراف کیا تھا۔