|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2016

کوئٹہ: گوادر میں پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر بندرگاہ سے متعلق اہم سیمینار آج ہوگا جس سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ، چینی سفیر سمیت وفاقی و صوبائی وزراء، دانشور، دفاعی تجزیہ کار ، ماہرین تعلیم اورمعروف ٹی وی اینکرز خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام سیمینار میں شرکت کلئے کوئٹہ سے گوادر پہنچ گئے۔ سرکاری حکام کے مطابق حکومت بلوچستان کے تعاون سے غیر سرکاری تنظیم ڈیوٹ بلوچستان اور یونیورسٹی آف تربیت کے زیر اہتمام گوادر میں ’’گوادرپورٹ پراجیکٹ، پاک چین اقتصادی راہداری اور ساحلی اضلاع‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار آج منگل کی صبح منعقد ہوگا۔ سیمینار کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس سلسلے میں گوادر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات پاک فوج، ایف سی ، کوسٹ گارڈ، نیوی ، پولیس اور لیویز اہلکار انجام دے رہے ہیں۔ سادہ کپڑوں میں حساس اداروں اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں جو مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک روزہ سیمینار کے تین سیشن ہوں گے۔ ابتدائی سیشن کے بعد انٹلکچلو اور میڈیا سیشن منعقد ہوگا جس میں سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال ، وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر دوست محمد ، تجزیہ کار ماریہ سلطان ، معروف ٹی وی اینکرپرسنز ڈاکٹر شاہد مسعود، ڈاکٹرنسیم زہرہ، ڈاکٹر دانش، عاصمہ شیرازی، مہر عباسی شریک ہوں گے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے علاوہ شرکاء کے سوالات کا جواب دینگے ۔اختتامی سیشن میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ، تحریک انصاف کے رہنماء رکن قومی اسمبلی شفقت محمود، گوادر سے بی این پی کے رکن قومی اسمبلی عیسیٰ نوری ، رکن صوبائی اسمبلی حمل کلمتی ،صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، چینی سفیرشریک ہوں گے۔ ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ اس سیشن کے منتظم ہوں گے ۔ اختتامی سیشن کے بعد پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری خطاب کریں گے۔ تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، ڈی جی ایف ڈبلیو او ، آئی جی ایف سی بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان ، صوبائی سیکریٹری داخلہ کے علاوہ صوبائی وزراء ،ا رکان قومی و صوبائی اسمبلی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت سینکڑوں شرکاء گوادر پہنچ گئے۔