|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں گزشتہ روز رکشوں کے ہڑتال کے باعث شہر میں سکون کو دیکھ کر عوام نے نہ صرف ایک دن کیلئے سکھ کاسانس لیا بلکہ ٹریفک آلودگی شور سے چھٹکارہ کا نسخہ جان کر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بغیر پرمٹ چلنے والے رکشوں کیخلاف کارروائی کر کے شہر کے سکون کو برقرار اور ٹریفک کے مسائل حل کئے جائیں، رکشوں کی ہڑتال کے باعث گزشتہ روز شہر کی سڑکیں صاف اور رش کم ہونے کے باعث عوام کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چلنے والی رکشوں میں آدھے سے زیادہ بغیر پرمٹ کے چل رہی ہیں، جبکہ بڑے پیمانے پر با اثر افراد کی کمپنیاں ہیں جو کہ لوگوں کو آدھی آمدنی کے عیوض رکشے دیئے ہوئے ہیں، جس سے شہر میں غیر معمولی تعداد میں موجود رکشوں کے باعث ٹریفک کے شدید مسائل کا سامنا ہے، جبکہ آلودگی شور کے باعث شہر میں جینا محال ہوگیا ہے، سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کافی کمی ہونے کے باوجود رکشہ مالکان پرانے کرائے وصول کرتے رہے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے رکشہ مالکان کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں بھرتی جائے اور شہر کے ٹریفک کے مسائل آلودگی اور رش کو مد نظر رکھ کر بغیرپرمٹ چلنے والی رکشوں کیخلاف کارروائی کی جائے، عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ رکشوں کے ہڑتال کے باعث شہر میں پر سکون ماحول دیکھ کر کوئٹہ کی سابقہ حیثیت کی یادتازہ ہوگئی ، جب لوگ کوئٹہ کوصحت افزاء مقام کے طور پر جانتے اور یہاں چھٹیاں منانے آئے تھے حکومت کو چاہئے کہ غیر قانونی رکشوں کیخلاف کارروائی سمیت نان پیڈ کسٹم گاڑیوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر میں عوام کو سکون اور صحت افزاء ماحول کی فراہمی ممکن ہو ۔